جموں:جموں و کشمیر میں ایک بار پھر موسم نے کروٹ بدلی، وادی کشمیر خاص کر خطہ چناب میں بارشوں کا سلالسہ جاری ہے اور سرینگر جموں شاہراہ پر بانہال کے قریب شلگڈی میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر کھسکنے کی وجہ سے شاہراہ کو ایک بار پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ گرچہ شاہراہ کی بحالی کا کام شد و مد سے جاری ہے تاہم محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں 29 اپریل تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
اس سے قبل بدھ کو صوبہ جموں کے کٹھوعہ ضلع میں بلاور کے بالائی علاقوں میں اولوں کے ساتھ ساتھ بھاری بارش ہوئی۔ کئی مقامات پر تیز ہوائوں، سخت بارشوں کی وجہ سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ادھر، جموں ضلع سمیت سرحدی ضلع پونچھ میں بھی بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ پونچھ کے مینڈھر علاقے میں درخت گر آنے کی وجہ سے ایک رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ دوسری جانب وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھی بدھ کی دوپہر سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا اور رات بھر وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہیں۔