جموں:جموں کشمیر میں ٹرک اور ڈمپر ڈرائیوروں نے مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کیے گئے ’’ہِٹ اینڈ رن‘‘ قانون کے خلاف ہڑتال کی کال دی ہے۔ احتجاج کر رہے ٹرک ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ ’’یہ قانون غلط ہے اور اسے واپس لیا جانا چاہیے۔‘‘ منگل کو ٹرک ڈرائیوروں نے جموں شہر میں ٹرکوں کو سڑکوں کے کنارے کھڑا کر دیا اور جموں - نروال روڑ سمیت کئی مقامات پر سڑکیں بلاک کر دیں۔
آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن جموں کشمیر کے صدر رنجیت سنگھ رانا نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ احتجاج ختم نہیں کریں گے جب تک کہ حکومت اس قانون کو واپس نہ لے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگلے دو دنوں میں پورے جموں کشمیر میں تیل کی قلت ہوگی جس سے عام لوگوں کی زندگی پر بھی اثر پڑے گا۔‘‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’’مرکزی حکومت کے اس فیصلے کے بعد ٹرک ڈرائیوروں میں شدید غصہ ہے۔ جن کا کہنا ہے کہ یہ سراسر غلط ہے ور حکومت کو یہ قانون فوراً سے پیشتر واپس لینا ہوگا۔‘‘