اردو

urdu

BJP on Army Reduction in Kashmir یوٹی کے اندرونی علاقوں سے فوج ہٹانے میں کوئی حرج نہیں، رویندر رینا

By

Published : Feb 20, 2023, 9:05 PM IST

بی جے پی جموں و کشمیر صدر رویندر رینا نے کہا کہ یوٹی کے اندرونی علاقوں سے فوج ہٹائی جائے تو کوئی حرج نہیں۔ اُن کے مطابق چونکہ جموں وکشمیر ایک بارڈر علاقہ ہے لہذا ایل او سی کے متصل علاقوں میں فوج کی تعیناتی ناگزیر ہے۔

Ravinder Raina
رویندر رینا

جموں:جموں وکشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوٹی صدر رویندر رینا نے پیر کے روز کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کی مداخلت کے بعد ہی انسداد تجاوزات مہم کو روک دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوٹی کے اندرونی علاقوں میں فوجی ہٹائی جائے تو کوئی حرج نہیں لیکن سرحدی علاقوں میں ابھی بھی فوج کی ضرورت ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ فون پر بات چیت کے بعد جموں وکشمیر میں انسداد تجاوزات مہم کو روک دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ بی جے پی نے پہلے ہی واضح کیا کہ اس حوالے سے ایک ٹھوس پالیسی سامنے لائی جانی چاہیے تاکہ غریبوں کو راحت مل سکے۔رویندر رینا نے کہاکہ افرا تفری ٹھیک نہیں کیونکہ جموں و کشمیر کے لوگ امن کے ساتھ اپنی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔اُن کے مطابق کشمیری ہو یا ڈوگرا ، مسلمان ہو یا ہندو سب کا بھلا ہی ہونا چاہیے۔

جموں وکشمیر سے فوج کو واپس بلانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں رویندر رینا نے کہا کہ یوٹی کے اندرونی علاقوں سے فوج ہٹائی جائے تو کوئی حرج نہیں۔انہوں نے کہا کہ اندرونی علاقوں میں سی آر پی ایف کی تعیناتی خوش آئند بات ہے لیکن سرحدی علاقوں میں فی الحال فوج تعینات رہے گی۔اُن کے مطابق چونکہ جموں وکشمیر ایک بارڈر علاقہ ہے لہذا ایل او سی کے متصل علاقوں میں فوج کی تعیناتی ناگزیر ہے۔

اس سے قبل جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس حوالے سے صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں فوج کو کم کرنا حکومت کے اختیار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا معاملہ ہےکہ وہ فوج کو کم کرے یا بڑھائے۔ مجھے اس میں کچھ نہیں کہنا ہے۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں فوج کے تقریباً 1.3 لاکھ اہلکار تعینات ہیں۔ ان میں سے تقریباً 80 ہزار فوجی بھارت پاکستان بین الاقوامی سرحد پر تعینات ہیں۔ جموں و کشمیر میں سی آر پی ایف کے 60 ہزار اہلکار تعینات ہیں۔ ان میں سے آدھے سے زیادہ جوان وادی کشمیر میں تعینات ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر پولیس کے 83, ہزار اہلکار بھی جموں و کشمیر میں امن و امان بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(یو این آ ئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details