جموں:جموں و کشمیر میں جیلوں کے ڈائریکٹر جنرل ہیمنت کمار لوہیا کے قتل کے معاملہ میں پولیس نے دہشت گردی کے زاویہ کے مسترد کرتے ہوئے مقتول کے گھریلو ملازم کو کلیدی ملزم قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس جموں شہر کے مضافات میں ایک گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ قتل کے بعد ان کا گھریلو ملازم فرار تھا جسے بعد میں پولیس نے حراست میں لے لیا تاہم لوہیا قتل کے بعد ایک عسکریت پسند تنظیم پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ (PAFF) کی جانب سے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد کیس کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔
کرائم برانچ نے ایچ کے لوہیہ کے گھریلو ملازم اور کلیدی ملزم یاسر احمد کو قاتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ملزم گھریلو خدمات کے عوض سرکاری ملازمت کے مبینہ وعدوں سے دلبرداشتہ تھا‘‘ جس کے بعد اس نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا۔ جموں و کشمیر پولیس کرائم برانچ کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے یاسراحمد پر ’نارکو‘ تجزیہ سمیت دیگر تفصیلی تحقیقات کیں جس کے بعد کرائم برانچ اس نتیجے پر پہنچی ہے۔