سری نگر: مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج پولی تھین فری جموں مہم کے تحت ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کے تیار کردہ بائیو پلاسٹک کیری بیگز کو لانچ کیا۔ پیٹرولیم اور قدرتی گیس، ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے پولی تھین کا متبادل ملنے پر جموں کے لوگوں، میئر جے ایم سی اور یو ایل بی ممبران کو مبارکباد دی۔ انہوں نے لوگوں سے پولی تھین کو ترک کرنے اور ڈی آر ڈی او کے تیار کردہ پائیدار تھیلوں کو اپنانے پر زور دیا۔
اس موقعے پر مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے شہر کاری کے چیلنجز کو مواقع میں بدل دیا ہے۔ وزیر اعظم کی رہنمائی میں صفائی مہم ملک کو بالخصوص شہری مراکز کو پائیدار ترقی اور ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔ آج صفائی حکومت کی ترجیح بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیگر تمام سرکاری اسکیموں کے موثر نفاذ کا اصول بن گیا ہے۔
اس موقعے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پولی تھین بیگ کے متبادل کے طور پر بائیو پلاسٹک کیری بیگ تیار کرنے کے لیے ڈی آر ڈی او کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہری منظر نامے کو تبدیل کرنے، تیز رفتار، پائیدار ترقی اور شہریوں کی زندگی میں آسانی پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ پلاسٹک کی آلودگی سے نمٹنے کے لیے یہ بہترین آپشن ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں، تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ فطرت کے تئیں اپنے فرائض ادا کریں اور پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے خود کو دوبارہ وقف کریں۔ انہوں نے کہا کہ فطرت ہمیں متحد کرتی ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے ساتھ ساتھ ایک ہم آہنگ اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کے لیے لوگوں کی شرکت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔