جموں میں واقع راج بھون میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں لیفٹیننٹ گورنر نے پنجاب کے وزیر برائے محکمہ جیل خانہ جات سکھجندر سنگھ رندھاوا سے بات چیت کی۔
وزیر موصوف نے جموں و کشمیر اور پنجاب کے مابین مختلف زرعی مصنوعات کی موثر پیداوار اور مارکیٹنگ کے لیے دوطرفہ انتظام کی تجویز پیش کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ زراعت اور اس سے وابستہ شعبوں کا فروغ ہماری ترجیح ہے اور جموں و کشمیر حکومت یونین ٹریٹری میں زراعت اور کوآپریٹو سیکٹروں میں تیزی سے ترقی کے لیے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ پہلے ہی مختلف ریاستوں کے ساتھ زراعت، پولٹری، ڈیری، ماہی گیری اور دیگر شعبوں کو فروغ دینے کے لیے متعدد ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے وزیر موصوف سے جانچ کے لیے تفصیلی تجویز بھیجنے کو کہا اور یقین دلایا کہ زراعت اور اس سے وابستہ سرگرمیوں میں باہمی تعاون کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جموں وکشمیر حکومت کی جانب سے جو نئی سرمایہ کار پالیسیاں مرتب کی گئیں ہیں ان میں ہر شعبے میں ترقی کی کافی گنجائش موجود ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کو جموں و کشمیر میں ایک اچھے ماحولیاتی نظام کے ساتھ یو ٹی انتظامیہ کے ذریعہ منافع بخش یونٹ کے قیام کے لیے مدعو کیا۔
اسٹریٹجک مداخلتوں کے ساتھ یو ٹی حکومت زراعت اور اس سے وابستہ شعبوں میں انقلاب لانے کے لیے جموں و کشمیر کی زرعی پیداوار کا ملک کے دیگر خطوں کے ساتھ بہتر روابط قائم کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ میٹنگ میں محکمہ باغبانی، زراعت کے علاوہ دیگر محکموں کے پرنسپل سکریٹریز موجود تھے۔