جموں:لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو مقتول کشمیر پنڈت سنیل کمار کی اہلیہ سنیتا پنڈت کو سرکاری نوکری کا تقرری نامہ سونپا۔ سنیل کمار پنڈت کو گذشتہ برس جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ ہفتہ کو مرحوم کی اہلیہ کو تقرری نامہ سونپنے کے وقت ایل جی نے مقتول شہری کے اہل خانہ کو جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مرحوم سنیل پنڈت کے اہل خانہ ہفتہ کو راج بھون، جموں میں موجود تھے جہاں سنیل پنڈت کی اہلیہ کو سرکاری نوکری کا تقرری نامہ دیا گیا۔ یاد رہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے چھوٹی گام علاقے میں رہائش پذیر کشمیری پنڈت سنیل کمار پنڈت اور اُن کے بھائی پِنٹو کمار گذشتہ برس اکتوبر مہینے میں اپنے سیب کے باغ میں کام کر رہے تھے جب نامعلوم مسلح افراد نے اُن پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق عسکریت پسندوں کے اس حملے میں سُنیل کمار موقعے پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ پِنٹو کمار کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔