سرینگر:جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کے روز اس بات کا اعلان کیا کہ جموں اور کشمیر میں سابق فوجیوں کے لئے دو سینک کالونیاں تعمیر کی جائے گی، جہاں سابق فوجی اہلکاروں کے لئے گھر بنائے جائیں گے۔ منوج سنہا نے آج جموں میں سابق فوجی اہلکاروں سے "آرمڈ فورسز وٹرن ڈے" کی تقریب پر خطاب کے دوران کہا کہ جموں میں پہلے ہی ایک سینک کالونی موجود ہے، تاہم انتظامیہ اب کشمیر اور جموں صوبوں میں دو مزید کالونیوں کے لئے زمین واگزار کرے گی، جہاں سابق فوجی اہلکاروں کے لئے گھر تعمیر کئے جائیں گے۔
انہوں نے سابق فوجی اہلکاروں کی سروس کی داد دیتے ہوئے کہا کہ "آپ نے ملک اور جموں کشمیر کے امن کے لئے قربانیاں دی ہے، اور ملک اور جموں کشمیر کو آپ جیسے فوجیوں کی حمایت ہمیشہ ضرورت ہے۔" انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک جموں کشمیر میں ترقی اور پُرامن حالات سے ناخوش ہے اور یہاں سیاحوں کی لاکھوں تعداد کی آمد کو وہ برداشت نہیں کرسکتا ہے، جس کے لئے وہ یہاں کا امن و امان بگاڑنے کی ہر سازش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق فوجی ان سازشوں کو کمزور کرنے میں اپنی مہارت استعمال کر سکتے ہیں اور یہاں کے امن و امان قائم رکھنے میں سرکار کو تعاون دے سکتے ہیں۔