جموں (جموں و کشمیر) :صوبہ جموں کے سرحدی اضلاع - راجوری اور پونچھ - میں عسکریت پسندوں کے حالیہ حملوں اور جی 20 کے دوران فدائین حملے کے خدشے کے پیش نظر، سرحدی علاقہ اکھنور میں اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ سرحدی علاقے کی طرف آنے جانے والے لوگوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ رات کے دوران ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں علاقے کے چار آرمی اسکولوں کو 25 مئی تک بند رکھنے کے احکامات پہلے ہی صادر کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ سرحدی ضلع راجوری میں گزشتہ ہفتہ، عسکری کارروائی کے دوران، فوجی جوانوں کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی ایجنسیز کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ علاقے میں عسکریت پسند اپنی موجودگی کا احساس دلانے اور جی 20سمیٹ کو سبوتاژ کرنے کے لیے ممکنہ طور فدائین حملہ انجام دے سکتے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں سیکورٹی کا نظام سخت کر دیا گیا ہے۔ جگہ جگہ خاص کر اکھنور سیکٹر کی جانب سے جانے والے راستوں پر اضافی سیکورٹی دستے تعینات کیے گئے ہیں، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔