جموں میں قانون ساز اسمبلی کے اندر 4 اپریل کو ویب سیریز 'مہارانی' کے ایک منظر کی شوٹنگ کی گئی۔ اس میں معروف فلمی اداکارہ ہما قریشی وزیر اعلیٰ کا رول ادا کر رہی ہیں۔
حکام کی طرف سے قانون ساز اسمبلی میں ویب سیریز کے منظر کو شوٹ کرنے کی اجازت دینا بالی وڈ فلم انڈسٹری کو جموں وکشمیر میں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔
ایک ادا کار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ 'جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار قانون ساز اسمبلی میں کسی فلم کی شوٹنگ کی گئی۔ اس سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے حکومت، جموں و کشمیر کو فلموں کی شوٹنگ کا مرکز بنانے میں کس قدر سنجیدہ ہے'۔
اسمبلی ہال میں شوٹ کیے گئے منظر میں دکھایا گیا ہے کہ کہ 'جموں و کشمیر اسمبلی اچانک شروع ہوجاتی ہے اور حزب اختلاف کے مشتعل ارکان اسمبلی کا آمنا سامنا ہوتا ہے، اسپیکر انہیں بار بار ہاؤس کا تقدس بحال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ (جس کا رول ہما قریشی ادا کرتی ہیں) کی تقریر سننے کو کہتے ہیں لیکن جب وہ نہیں مانتے ہیں تو انہیں اسمبلی ہال سے باہر نکال دیا جاتا ہے'۔
'مہارانی' ویب سیریز میں ہما قریشی وزیر اعلیٰ کا رول ادا کر رہی ہیں۔ اس کو جموں شہر میں شوٹ کیا جا رہا ہے اور اس میں 100 مقامی اداکار کام کر رہے ہیں۔