سری نگر: فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دویدی نے ہفتے کے روز اوڑی اور کیرن سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول پر اگلی چوکیوں کا دورہ کرکے جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے لئے اختیار کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہیں مذکورہ سیکٹروں میں آپریشنل صلاحیت میں اضافے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔بتادیں کہ سری نگر میں 22 مئی سے شروع ہونےو الے جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے پیش نظر جموں وکشمیر کے سرحدوں پر چوکسی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سے ملحق سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایل او سی میں اگلی چوکیوں پر تعینات فوجی جوان دن ارت کڑی نظر گذر رکھے ہوئے ہیں تاکہ در اندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں مشتبہ نقل وحمل دیکھتے ہی بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کئے جاتے ہیں۔
دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر تعینات فوجی جوانوں کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا جا سکے۔دریں اثنا سرکاری ذرائع کے مطابق پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں 19 اور 20 مئی کی درمیانی شب فوج نے در اندازی کی کوشش کرنے والے ایک در انداز کو ہلاک کر دیا۔جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے پیش نظر سرحدوں کے علاوہ جموں و کشمیر بالخصوص سری نگر میں بھی سیکورٹی کے فقید المثال انتطامات کئے گئے ہیں۔ایک سرکار ی عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر شہر بھر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا۔ان کے مطابق جی ٹوئنٹی اجلاس کو پر امن طریقے سے اختتام تک پہنچانے کی خاطر سبھی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز کو بھی جگہ جگہ تعینات کیا گیا ہے۔