جموں:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شری امرناتھ جی یاترا کے لیے سکیورٹی کے تمام تر انتظامات کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں میں مزید چار سے پانچ یاتری نواس بنائے جائیں گے۔ موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو جموں میں یاتری نوس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 'چلینجز آتے رہتے ہیں لیکن ہم کسی بھی چلینج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں'۔ان کا کہنا تھا کہ امسال امرناھ یاترا یکم جولائی سے شروع ہو کر 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی اس کے لئے سکیورٹی کے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا یاتریوں کی سہولیات کے لیے مزید چار سے پانچ یاتری نواس بن جائیں گے جب کہ چندن واڑی سے بالتل ایک روڈ کی تعمیر بھی زیر غور ہے۔انہوں نے کہا کہ اس روڈ سے یاتریوں کا وقت بچ جائے گا اور زیادہ سے زیادہ یاتری بابا امرناتھ کی یاترا کر سکیں گے۔