جموں (جموں کشمیر) :جموں کے سرحدی علاقہ ارنیا میں جمعرات کی شام پاکستان کی جانب سے کی گئی ’’بلا اشتعال‘ فائرنگ سے جموں، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں خوف کا ماحول ہے۔ سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کا کہنا ہے کہ ’’پاکستان پر کوئی بھروسہ نہیں ہے، وہ کسی بھی وقت گولہ باری کر سکتے ہیں، جس سے جان و مال کو خطرہ لاحق رہتا ہے۔‘‘
سرحد پر ہوئی فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک جوان اور ایک مقامی خاتون زخمی ہوئی تھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے نمائندے محمد اشرف نے پاکستانی فائرنگ میں ہوئی زخمی رجنی نامی خاتون - جو اس وقت گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال، جموں میں زیر علاج ہے - کے ساتھ گفتگو کی۔ رجنی نے کہا: ’’پاکستان کی جانب سے کی گئی فائرنگ نے علاقے میں تباہی مچا دی، میری دائیں بازو میں چوٹ آئی اور مجھے اسپتال میں پہنچایا گیا۔‘‘