جموں (جموں و کشمیر):خانہ بدوش بکروال مال مویشیوں سمیت جموں سے وادی کشمیر کی جانب ہجرت کے لئے تیار ہیں تاہم ڈی سی آفس جموں کے باہر اجازت نامہ کے منتظر خانہ بدوشوں کا کہنا ہے کہ انہیں انتظامیہ کی جانب سے مویشیوں کو لے جانے کے لئے اجازت نامہ فراہم نہیں کیا جا رہا۔ روزے کی حالت میں بھوکے پیاسے خانہ بدوشوں کو گرمی کے ان ایام میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے خانہ بدوشوں نے کہا کہ وہ اہل و عیال اور مال مویشیوں کے ہمراہ وادی کشمیر کی جانب رخ کرنے کے لئے بے تاب ہیں تاہم انہیں ’’خواہ مخواہ انتظار کروایا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ صدیوں سے مال مویشی - گائے، بھینس، بھیڑ بکریاں اور گھوڑے لیکر اپریل اور مئی مہینے میں وادی کشمیر کا رخ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں کے مختلف علاقوں میں گؤ رکشک انہیں جگہ جگہ روکتے اور تنگ کرتے ہیں جس کے لئے وہ اجازت نامہ حاصل کرنے کی غرض سے گزشتہ قریب دس دنوں سے مسلسل ڈی سی آفس جموں کے چکر کاٹ رہے ہیں تاہم انہیں اجازت نامہ فراہم نہیں کیا جا رہا۔ انکا مزید کہنا ہے کہ وہ دس دنوں سے مال مویشیوں اور اہل و عیال سمیت سرینگر جموں قومی شاہراہ کے آس پاس رُکے ہوئے ہیں جو ان کے لئے کافی پریشان کن ہے۔