جموں (جموں کشمیر) :بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہائی کمان نے جموں کشمیر بی جے پی یونٹ کور گروپ کے لیڈران کو اچانک دہلی طلب کیا ہے۔ جموں و کشمیر بی جے پی کور گروپ کے لیڈران دہلی میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں شرکت کرنے کی غرض سے قومی دارالحکومت روانہ ہوئے۔ جموں کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور سینئر بی جے پی لیڈر کویندر گپتا نے میٹنگ کی تصدیق کرتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ میٹنگ اتوار کی شام اچانک طلب کی گئی، ایسے میں پارٹی لیڈروں کو دہلی روانہ ہونے کے لیے فوراً تیاری کرنی پڑی۔‘‘ تاہم بی جے پی لیڈر کویندر گپتا نے اچانک طلب کی گئی اس میٹنگ کا ایجنڈا واضح نہیں کیا۔
اس میٹنگ میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت دیگر سینئر بی جے پی قائدین شرکت کرنے والے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کشمیر میں مذہبی رہنماؤں کی قید سے رہائی کے پس منظر میں یہ میٹنگ طلب کی گئی ہے اور اس میٹنگ میں، ذرائع کے مطابق، بی جے پی ہائی کمان وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں خاص کر کالعدم قرار دی گئی مذہبی جماعت ’’جماعت اسلامی‘‘ پر عائد پابندی کو ہٹانے اور انہیں مین اسٹریم سیاسی جماعتوں میں شامل ہونے کی اجازت پر جموں کشمیر بی جے پی لیڈروں سے مشورہ لیا جائے گا۔