جموں: یکم جولائی کو سالانہ امر ناتھ یاترا کے آغاز سے قبل ہی یاتریوں کا پہلا قافلہ جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد و زن یاتری شامل ہیں جمعرات کو جموں کے یاترا نواس بیس کیمپ پہنچے۔ یاترا کے پیش نظر بیس کیمپ کے ارد گرد سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں اور کسی کو بھی یاترا نواس کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا کی سالانہ یاترا کے رسمی آغاز سے دو روز قبل ہی سینکڑوں کی تعداد میں شردھالو اور سادھو جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں پہنچ چکے ہیں۔ امسال یاترا کا پہلا قافلہ یکم جولائی کو جموں کے یاتری نواسن (بیس کیمپ)سے وادی کشمیر کی طرف روانہ ہوگا۔ عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ امسال سالانہ یاترا ایک پرامن ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ’انتظامیہ کی طرف سے یاتریوں کے لئے تمام طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہاں سے یاتریوں کی روانگی کا سلسلہ ہفتے کے روز سے شروع ہوگا۔ ہفتے کو یاترا کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ یاترا ایک پرامن ماحول میں ہوگی۔ اس میں لاکھوں کی تعداد میں یاتری اور سادھو حصہ لیں گے‘۔ یکم جولائی سے شروع ہونے والی یاترا 31اگست کو اختتام پذیر ہوگی، یاتریوں کو سہولیات فراہم کرنے کی خاطر مختلف لنگر کمیٹیوں نے پہلے ہی پہلگام اور بالہ تل میں کیمپ لگائے ہیں۔