جموں (جموں و کشمیر) :امرناتھ یاترا کے لئے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے ’’بم بم بولے‘‘ اور ’’ہر ہر مہادیو‘‘ نعروں کے بیچ امرناتھ یاتریوں کا کشمیر روانہ ہونے کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے جمعہ کی صبح 1181 یاتریوں پر مشتمل 33 واں جھتا سخت سیکورٹی حصار میں وادی کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔
ذرائع نے کہا کہ جمعہ کو روانہ ہونے والے یاتری 46 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ننون پہلگام اور وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے بالتل بیس کیمپوں کے لئے روانہ ہوئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ننون پہلگام بیس کیمپ کے لئے 24 گاڑیوں میں 706 یاتری روانہ ہوئے جن میں 570 مرد، 95 خواتین، 35 سادھو اور 6 سادھویں شامل تھیں۔ جبکہ بالتل بیس کیمپ کے لئے 22 گاڑیوں میں 475 یاتری روانہ ہوئے جن میں 327 مرد، 138 خواتین اور 10 بچے شامل تھے۔