اردو

urdu

By

Published : Jan 27, 2020, 12:45 PM IST

Updated : Feb 28, 2020, 3:18 AM IST

ETV Bharat / state

'بہت جلد نوجوانوں کو روزگار دینا شروع کریں گے'

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو نے کہا کہ جموں وکشمیر میں بہت جلد بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کا عمل شروع ہوگا۔

'بہت جلد نوجوانوں کو روزگار دینا شروع کریں گے'
'بہت جلد نوجوانوں کو روزگار دینا شروع کریں گے'


لیفٹیننٹ گورنر موصوف نے کہا کہ پانچ اگست 2019 کو قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو جموں وکشمیر میں پابندیاں نافذ کرنا پڑی تھیں، جن کو مرحلہ وار طریقے سے ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں کہا کہ پابندیوں کا نفاذ سرحد پار پاکستان سے پیدا کئے جانے والے مسائل اور پروپیگنڈا کی وجہ سے ضروری تھا۔
گریش چندرا مرمو نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقدہ ریاستی سطح کی پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیاسی جماعتیں کے لیڈران، سیول و پولیس انتظامیہ کے عہدیداروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب کے فوراً بعد اسٹیڈیم میں پبلک ایڈرس سسٹم کے ذریعے تین بار 'بھارت ماتا کی جے' کا نعرہ لگایا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اپنی تقریر میں کہا: 'ہم یقینی بنائیں گے کہ مقامی نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں۔ بھرتیوں کا عمل شفاف ہوگا۔ ایک نئی جاب پالیسی لائی جائے گی۔ جلد ہی بھرتیوں کا عمل پھر سے شروع کیا جائے گا'۔
انہوں نے کہا: 'سرکار جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے بہت بڑا کام کررہی ہے۔ جموں وکشمیر ایک نئی صبح دیکھ رہا ہے۔ وہ صبح جو جموں وکشمیر کو ترقی اور امن کی طرف لے جائے گی'۔
مسٹر مرمو نے پانچ اگست 2019 کو جموں وکشمیر بالخصوص وادی کشمیر میں لوگوں کی نقل وحرکت اور مواصلاتی خدمات پر عائد کی جانے والی پابندیوں پر کہا: 'قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو ایک موقع پر پابندیاں نافذ کرنا پڑیں۔ ان پابندیوں کو مرحلہ وار طریقے سے کم کیا گیا۔ جموں وکشمیر کے لوگوں نے انتظامیہ کو جو تعاون دیا میں اس کے لئے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں'۔
انہوں نے کہا: 'پابندیوں کا نفاذ سرحد پار سے پیدا کئے جانے والے مسائل اور پروپیگنڈا کی وجہ سے ضروری تھا۔ ہم پر ذمہ داری عائد تھی کہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔ ہم جانی نقصان کو ٹالنے میں کامیاب ثابت ہوئے ہیں'۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر میں عنقریب ہونے والی انوسٹمنٹ سمٹ کے بارے میں کہا: 'جموں وکشمیر میں پہلی بار ہونے والی گلوبل انوسٹر سمٹ کی تیاریاں زوروں پر ہے۔ یہ سمٹ یہاں بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے کافی مددگار ثابت ہوگی'۔
بتادیں جموں کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام خطہ بن جانے کے بعد یہ پہلی بار ہے جب یہاں یوم جمہوریہ کی تقریب پر لیفٹیننٹ گورنر نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔
مرکزی حکومت کی طرف سے پانچ اگست کو جموں کشمیر کو دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی تنسیخ کے علاوہ ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کیا گیا تھا اور بعد ازاں جموں کشمیر تنظیم نو قانون 2019 کے تحت جموں کشمیر مرکز کے زیر انتظام خطہ بن گیا اور لداخ الگ یونین ٹریٹری کے بطور نقشہ ہستی پر نمودار ہوا۔

Last Updated : Feb 28, 2020, 3:18 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details