جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا اس کو دیکھتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر اویس احمد نے کورونا سے نمٹنے کے لئے مختلف اقدامات کیے ہیں۔
اس ضمن میں آج ضلع ترقیاتی کمشنر نے میڈیا سے مخاطب ہوکر بتایا کہ ضلع میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے اور انتظامیہ کی جانب سے سختی کے ساتھ اس پر عمل بھی کرایا جارہا ہے۔
اویس احمد نے بتایا کہ 'ضلع میں تیرہ مئ تک کورونا کے 812 پازیٹو معاملے سامنے آئے تھے جن میں 25 کو آکسیجن فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کورونا ٹیسٹنگ کے حوالے سے بتایا کہ ضلع میں تین اہم مقامات پر چوبیس گھنٹے ٹیسٹنگ کی جارہی ہے۔ جس میں اولڈ ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ، سی ایچ سی حاجن اور سی ایچ سی گریز شامل ہے۔
ترقیاتی کمشنر نےکہا کہ جس طرح سے آج تک عوام نے انتظامیہ کا بھر پور تعاون کیا ہے اگر آگے بھی یہ سلسلہ جاری رہا تو کیسز کی تعداد میں جلد کمی آئے گی۔