کشمیر میں صنعتی بستیوں کے قیام کو منظوری
جموں وکشمیر حکومت نے وادی کشمیر کے 9 اضلاع اور جموں کے ضلع ادھم پور میں 13 ہزار 665 کنال سرکاری اراضی محکمہ صنعت کو نئی صنعتی بستیوں کے قیام کے لیے منتقل کردی ہے۔
سرکاری ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کی صدارت میں منعقدہ انتظامی کونسل نے ایک میٹنگ کے دوران 13 ہزار 665 کنال سرکاری اراضی محکمہ صنعت کو نئی صنعتی بستیوں کو قائم کرنے کے لئے منتقل کرنے کو منظوری دی۔
یہ صنعتی بستیاں نشاندہی کئے گئے دس اضلاع میں قائم کی جائیں گی جن میں کولگام ، کپواڑہ ، اننت ناگ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، سری نگر ، گاندربل ، بڈگام ، پلوامہ اور اودھم پور شامل ہیں۔
اس فیصلے کی بدولت متعلقہ اضلاع میں نئی صنعتوں کو بڑھاوا د ینے کے لئے لینڈ بینک قائم کرنے میں مدد ملے گی اور مقامی صنعت کاروں کو مزید فروغ دینے اور خواہش مند نوجوان صنعت کاروں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
ایک اور فیصلے کے تحت انتظامی کونسل نے گورنمنٹ ڈگری بومئی قائم کرنے کے لئے محکمہ اعلیٰ تعلیم کو ضلع بارہمولہ کے تحصیل زینہ گیر کے بومئی علاقے میں 88 کنال 9 مرلہ اراضی کے انتقال کو بھی منظوری دی۔