سید مشتاق علی ٹرافی میں شرکت کرنے کے لیے گھر سے بنگلورو پہنچے جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی عالمی وباء کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔
جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک سینیئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو فون پر بتایا کہ '33 کھلاڑیوں پر مبنی ہمارا اسکاڈ ہفتے کے روز بنگلور پہنچا اور اتوار کے روز کھلاڑیوں کی کورونا وائرس کی جانچ کی گئی۔ اس دوران شام کو دو کھلاڑیوں کی رپورٹ مثبت آئی۔'
انہوں نے کرکٹرز کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کر دیا لیکن اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ ان دونوں کا تعلق صوبہ جموں سے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میں آپ کو کھلاڑیوں کے نام تو نہیں بتا سکتا، بس اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ دونوں صوبہ جموں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے ٹیسٹ مثبت پائے جانے کے بعد تمام کھلاڑیوں کو آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے اور تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔'
واضح رہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر کھلاڑیوں کو میچ سے قبل کچھ وقفے تک قرنطینہ میں رہنا لازمی ہے۔
جموں و کشمیر ٹیم کے کھلاڑی بھی ان رہنمایانہ اصولوں پر عمل کرتے ہوئے قرنطینہ میں ہے۔ جموں و کشمیر کا پہلا میچ جنوری مہینے کی دس تاریخ کو ہے۔