شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبہ کے زنگیر گاؤں کے لوگوں نے سڑک کی خستہ حالی پر انتظامیہ اور محکمہ آر اینڈ بی کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
سوپور: سڑک کی خستہ حالی سے عوام پریشان اس موقعے پر ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے انتطامیہ اور محکمہ آر اینڈ بی پر الزام لگایا کیونکہ پچھلے دس برسوں سے اس سڑک کی مرمت نہیں کی گئی ہے۔
لوگوں نے بتایا کہ اس سڑک پر 2016 میں ٹینڈر نکالا گیا اور 2017 میں اس پر کام شروع کیا گیا اور 2020 مارچ تک سڑک بنانے کا کام ختم کرنا تھا لیکن آج تک کام مکمل نہیں ہوا۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک حستہ حال ہونے کی وجہ سے ان کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور دو سال پہلے اس سڑک پر ایک حادثہ پیش آیا جس میں دو لوگوں کی موت ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سڑک پر جگہ جگہ گڑھے ہونے کی وجہ سے ان کی گاڑیوں میں پنکچر ہوتے رہتے ہیں اور سوپور پہنچنے میں دو گھنٹے لگتے ہیں جب کہ صرف بیس منٹ کا سفر ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ڈی سی بارہمولہ اور چیف انجینئر آر اینڈ بی سرینگر سے ہزاروں بار سڑک کی مرمت کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں لیکن بدقسمتی سے آج تک جھوٹے وعدوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔
انہوں نے گورنر انتظامیہ اور محکمہ آر اینڈ بی سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ اس سڑک کی مرمت جلذ از جلد کریں تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔
اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت نے ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی سوپور فیاض احمد کار سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ 'ہم مانتے ہیں کہ سڑک خستہ خال ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ہمارے پاس فنڈس کی کمی ہونے کی وجہ سے سڑک پر کام شروع نہیں ہو رہا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'جہاں سڑک زیادہ خراب ہے وہاں ہم پیچنگ کریں گے تاکہ لوگوں کو زیادہ مشکلات سے گزرنا نہ پڑے۔'