انڈین ریلوے کو زمین فراہم کرنے والے اراضی مالکان نے متعلقہ انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاجی افراد نے اںڈین ریلوے پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کو فراہم کی گئی اراضی کے عوض انہیں نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم آج تک ایک بھی شخص کو نوکری فراہم نہیں کی گئی ۔
انڈین ریلوے کے خلاف احتجاج اُن کے مطابق نوکریاں فراہم کرنے کے نام پر انہیں دھوکہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ چند ایجنٹز نے ان سے یہ کہہ کر پیسے بھی ہڑپ لیے کہ انہیں جلد ہی ریلوے میں نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔
احتجاجی افراد نے گورنر انتظامیہ سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اُن سے لی گئی رقم انہیں واپس کرکے مذکورہ ایجنٹز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
نائب تحصیلدار قاضی گنڈ نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کی ہدایت پر انہوں نے معاملے کی جانچ شروع کی ہے ۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی وہ اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کو ایک رپورٹ پیش کریں گے ۔
نائب تحصیلدار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پیسے ہڑپنے والے ایجنٹز کا انڈین ریلوے سے کوئی تعلق نہیں ہےبلکہ وہ چند مقامی لوگ ہیں جن کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔