پاکستانی افواج نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں گولہ باری کی جس کی زد میں آنے سے ایک رہائشی مکان کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے پیر کی صبح مینڈھر سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کی جس دوران انہوں نے چھوٹے اور درمیانہ درجے کے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
پاکستانی گولہ باری سے رہائشی مکان کو جزوی نقصان انہوں نے بتایا کہ پاکستانی گولہ باری کا بھارتی افواج نے بھی معقول جواب دیا۔ تاہم گولہ باری کی زد میں آنے سے مولوی فاورق ولد ولایت حسین ساکنہ بسونی کے مکان کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دس روز سے پاکستانی افواج ایل او سی پر لگاتار گولہ باری کر رہی ہے جس کی وجہ سے جانی اور مالی نقصان ہونے کے ساتھ ساتھ سرحدی آبادی میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔