محکمہ صحت عامہ ڈوڈہ سے وابستہ عارضی ملازمین نے اُن کے مطالبات پورے نہ کرنے کے خلاف حکومت سے بطور احتجاج پنچایت آرنوڑہ بلاک گھٹ میں گزشتہ دو دن سے کام چھوڑ ہڑتال کیا ہے۔ جس کی وجہ سے مذکورہ پنچائت میں لوگوں کو وقت پر پانی سپلائی نہ ملنے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
محکمہ صحت عامہ کے عارضی ملازمین کا کام چھوڑ ہڑتال احتجاجی ملازمین نے بتایا کہ اُن کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے اور مودی حکومت میں بھی جب سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ عام ہے تو اُن کی نوکری مستقل نہیں کی جا رہی ہے اور ناہی گزشتہ کئی برسوں سے ماہانہ تنخواہ اُن کو دی جاتی ہے اور یہ سلسلہ گزشتہ بیس برسوں سے چل رہا ہے ۔
انہوں نے کہا جب وہ اپنے مطالبات کو لے کر حکومت کے سامنے لاتے ہیں تو اُن کو جھوٹے دلاسے، یقین دہانی دے کر معاملہ ٹال دیا جاتا ہے لیکن آج تک کوئی بھی حکومت عارضی ملازمین کے مسائل مطالبات کا مستقل حل تلاش کرنے میں ناکام رہی ہے اور انتخابات کے وقت عارضی ملازمین کے مستقلی پر ہی حکومتیں بنائی گئی ہے۔
اُنہوں نے ہزاروں کی تعداد میں غریب کنبوں کی خوشیوں کو روند کر اقتدار حاصل کیا ہے ۔احتجاج پر بیٹھے عارضی ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی مستقلی کے لئے مستحکم پالیسی مرتب کی جائے اور بقایا جات بھی واگزار کیا جائے بصورت دیگر وہ کوئی بھی خطرناک قدم اُٹھا سکتے ہیں۔