اردو

urdu

By

Published : Dec 5, 2019, 11:52 PM IST

ETV Bharat / state

'کشمیریوں کا پُرامن احتجاج گولی سے بھی زیادہ طاقتور'

نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے وادی میں جاری نامساعد حالات کے دوران لوگوں کے بقول ان کے پرامن احتجاج کو گولی سے بھی زیادہ طاقتور اور موثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ساری دنیا وادی کشمیر کے لوگوں کے پرامن احتجاج کی قائل ہوئی ہے۔

'کشمیریوں کا پُرامن احتجاج گولی سے بھی زیادہ طاقتور'
'کشمیریوں کا پُرامن احتجاج گولی سے بھی زیادہ طاقتور'

مصطفیٰ کمال جو کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے فرزند ہیں، نے کہا کہ وادی میں جاری نامساعد حالات کے دوران جن لوگوں نے قربانی دی ہے وہ رائیگاں نہیں ہوگی اور تاریخ کے اس اہم موڑ پر ان لوگوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان بی جے پی کی جاگیر نہیں بلکہ تمام ہندوستانیوں کی مشترکہ میراث ہے۔
مصطفیٰ کمال نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ کی 114 ویں سالگرہ کے موقع پر یو این آئی اردو کے ساتھ ایک ٹیلی فونک انٹرویو میں کیا۔
ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وادی کے لوگوں نے جس عزم اور صبر کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں مل سکتی پرامن احتجاج گولی سے بھی زیادہ طاقتور اور موثر ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا: 'ہم پر 1953 سے ہی وار پر وار کئے گئے، ایک وار ان کا کامیاب ہوا اور بدقسمتی سے یہیں کے لوگوں کو اپنی طرف کرکے ہمیں یہ حالات دیکھنے کو ملے، لیکن لوگوں نے جس عزم اور صبر کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پرامن احتجاج گولی سے بھی زیادہ طاقتور اور موثر ہوتا ہے'۔
موصوف معاون جنرل سکریٹری نے کہا کہ آج ساری دنیا یہاں کے لوگوں کے پر امن احتجاج کی قائل ہوئی ہے۔
ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہندوستان بی جے پی کی جاگیر نہیں ہے بلکہ یہاں کے لوگوں کی جاگیر ہے اور تمام مذہبوں کے لوگوں کو اس پر برابر کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسر لوگ آتے رہیں گے اور آج جو یہ افسرلوگ کررہے ہیں، دلی کو خوش رکھنے کے لئے کررہے ہیں۔
موصوف معاون جنرل سکریٹری نے وادی میں جاری حالات کے دوران جان گنوانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا: 'جن لوگوں نے اس دوران قربانیاں دیں میں ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان کے پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے قربانیاں دی ہیں وہ قربانیاں تاریخی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
موصوف جنرل سکریٹری نے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ کی سالگرہ پر سرکاری تعطیل کو منسوخ کرنے سے ان کے کارناموں کو چھپایا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا: 'شیخ صاحب کی شخصیت ان چیزوں سے مٹ نہیں سکتی، شیخ صاحب کی شخصیت لوگوں کے دلوں اور ذہنوں میں رچ بس گئی ہے، انہوں نے جو تاریخی کارنامے انجام دیئے ہیں ان کی مثال دنیا میں نہیں مل سکتی، ان کی شخصیت کشمیر کی زمین اور یہاں کی فضاؤں میں ہے'۔

Conclusion:

ABOUT THE AUTHOR

...view details