سرینگر:مرکز کے زیر اہتمام یوٹی جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر واقع انجمن کے مرکزی ہال میں تعلیمی انجمن نصرۃ الاسلام میر واعظ مولوی محمد فاروق صاحبؒ کے33ویں یوم شہادت کی مناسبت سے قرآن خوانی اور خصوصی دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا جس میں انجمن کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں کے اساتذہ، عملہ اور طلبہ نے حصہ لیا۔ اس موقع پر انجمن کے جنرل سیکریٹری خورشید احمد قادری اور ایجوکیشن سیکریٹری پروفیسر غلام محمد خان اور مفتی غلام رسول سامون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انجمن کے بانی علامہ رسول شاہ نے 1890 میں انجمن کی بنیاد ڈال کر کشمیر میں ظلم و جہالت اور غربت و افلاس کے خلاف جنگ چھیڑ کر تعلیمی بیداری کی مہم کا آغاز کیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میرواعظین کشمیر نے اپنے اپنے دور صدارت میں انجمن کے تعلیمی مشن کو آگے بڑھانے کیلئے جو رول ادا کیا وہ کشمیر کے ایک سنہری علمی تاریخ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انجمن کے زیر اہتمام تعلیم کے فروغ میں وقت کے مخلص اور قابل اساتذہ میں ایک خاص تعداد کشمیری پنڈتوں کی تھی جنہوں نے بلا امتیاز مسلمان بچوں کی تعلیم و تربیت میں تمام تر صلاحیتیں وقف کیں۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسلامیہ اسکول کے طلباء کو نماز کا پابند بنانے کیلئے انہیں جامع مسجد سرینگر لے جایا جاتا تھا جس کی نگرانی پنڈت نریندر ناتھ (ڈرل ماسٹر) جی تھے جو باقاعدہ طلباء کی حاضری لیتے اور دوسرے دن prayerکے موقعہ پر غیر حاضر طلباء کی زبردست سرزنش کرتے۔