جموں وکشمیر کے سبھی ہوٹلوں کا 'فائر سیفٹی آڈٹ' کرانے کے احکامات جاری - احکامات جاری
لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کی ہدایات پر حکومت نے مرکز کے زیر انتظام جموں وکشمیر کے سبھی ہوٹلوں میں 'فائر سیفٹی آڈٹ' کرانے کے احکامات دئیے ہیں۔
یہ احکامات شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں ایک بڑے اور معروف ہوٹل کے آگ کی ایک ہولناک واردات میں خاکستر ہونے کے محض ایک روز بعد سامنے آئے ہیں۔
ہوٹلوں کے 'سیفٹی آڈٹ' کے سلسلے میں چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے پرنسپل سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ناظم سیاحت جموں او ردیگر افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ صوبائی کمشنر کشمیر اور ناظم سیاحت کشمیر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔
موسم سرما کی شروعات کے ساتھ ہی گھروں اور ہوٹلوں کے علاوہ دیگر اداروں میں گرمی دینے والے آلات کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ ان آلات کے استعمال میں کوئی بھی کوتاہی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اور کئی بار آگ لگنے کی واردات رونما ہوتی ہے۔ آگ کی وارِداتوں پر قابو پانے کے لئے ضروری اقدامات کرنا لازمی بن جاتا ہے ۔
اسی سلسلے میں حکومت نے ہمہ جہت لائحہ عمل ترتیب دیا ہے۔ اسی لائحہ عمل کے ایک حصے کے طور ایک پانچ رکنی ٹیم جموں وکشمیر کے تمام ہوٹلوں کا 'فائر سیفٹی آڈٹ' کرے گی ۔
جموں اور کشمیر کے صوبائی کمشنران ان ٹیموں کو تشکیل دیں گے۔ ان ٹیموں میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ، مال ، سیاحت ، بجلی محکموں اور ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے اَفسران شامل ہوں گے ۔ یہ ٹیمیں 9 نومبر 2019ء تک اپنی رپورٹیں متعلقہ صوبائی کمشنروں کو پیش کریں گی۔