انہوں نے کہا کہ ریاست خاص کر وادی کشمیر میں بانڈ پاتھر کے ساتھ ساتھ مقامی فن اور موسیقی کو فروغ دینے کے لیے مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا، جن میں تقریباً 14 رجسٹرڈ ٹیموں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور ان کے بہتر مظاہرے سے شائقین فن بھی کافی متاثر ہوئے۔
نارتھ زون کلچرل سنٹر پروگرامز این زیڈ سی سی کے ڈائیرکٹر نے کہا کہ فن اور موسیقی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے محکمے کی جانب سے کئی ورکشاپز کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں یہاں کے ابھرتے فنکاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جو حوصلہ افزا ہے۔
وہیں انہوں نے کہا کہ 'گرو ششیہ پرمپرا' (استاز اور شاگرد کے باہمی روابط) کے تحت کافی بچے ہر طرح کے فنون کی تربیت بھی حاصل کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ کلچرل سنٹر نے دیگر ریاستوں کے فنکاروں اور کشمیری فنکاروں کے سنگ ٹیگور ہال میں ایک پروگرام کاانعقاد عمل میں لایا۔ اس نئے تجربے سے نہ صرف وہ پروگرام کامیاب رہا بلکہ فنکاروں کو ایک دوسرے کے کلچر کو سمجھنے کا موقع بھی ملا۔
پروفیسر سوبھاگیہ وردھن نے مزید کہا کہ آنے والے وقت میں نارتھ زون کلچرل سنٹر اسی نوعیت کے پروگرامز کے ساتھ ساتھ تھیٹر، مشاعرہ اور قوالی پروگرامز کا بھی مزید اہتمام کرنے جارہا ہے جس میں ملک کے نامور فنکار شرکت کررہے ہیں۔