مرکز کے زیرانتظام جموں کشمیر میں پی ڈی پی کے بانی اور سابق وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید کی چوتھی برسی کے موقع پر جنوبی کشمیر کے قصبہ بجبہاڑہ میں واقع مرحوم کے مزار دارا شکوہ (پادشاہی پارک) پر منگل کے روز معمول کے برعکس امسال اجتماعی فاتحہ خوانی کے بجائے انفرادی فاتحہ خوانی ہوئی اور بعد ازاں کسی جلسے کا انعقاد نہیں ہوا۔
پی ڈی پی ذرائع کے مطابق مرحوم مفتی سعید کی چوتھی برسی کے موقع پر مرحوم کی دو صاحبزادیوں ربیعہ سعید اور محمودہ سعید کے علاوہ پی ڈی پی کے رکن راجیہ سبھا نذیر احمد لاوے اور کئی پارٹی کارکنوں نے حاضری دے کر فاتحہ پڑا، جبکہ سابق وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور آپ کی صاحبزادی التجا مفتی سمیت پارٹی کے کسی بھی بڑے رہنما کو فاتحہ خوانی میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔
محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے جب گپکار میں واقع اپنی رہائش گاہ سے بجبہاڑہ جانے کی کوشش کی تو انہیں پولیس نے گیٹ سے قدم باہر رکھنے نہیں دیا۔
قبل ازیں التجا نے ریاستی انتظامیہ کو اپنے نانا کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضر ہونے کے لئے اجازت حاصل کرنے کے تئیں ایک مکتوب ارسال کیا تھا۔
ادھر سری نگر میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر پر منگل کے روز ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مرحوم مفتی سعید کے کارناموں اور سرگرمیوں پر روشی ڈالی گئی۔
ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر کے قصبہ بجبہاڑہ میں واقع مرحوم مفتی سعید کے مزار دارا شکوہ ( پادشاہی باغ) میں منگل کے روز مرحوم مفتی سعید کی چوتھی برسی کے موقع پر سناٹا ہی چھایا رہا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ مزار پر کوئی اجتماعی فاتحہ خوانی نہیں ہوئی اور نہ ہی حسب سابق کسی جلسے کا انعقاد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مزار پر انفرادی طور پر فاتحہ خوانی کے لئے مرحوم کی صاحبزادیاں ربیعہ سعید اور محمودہ سعید کے علاوہ پی ڈی پی کے رکن راجیہ سبھا نذیر لاوے بھی حاضر ہوئے اور کئی کارکنوں نے بھی انفرادی طور پر فاتحہ پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور ان کی صاحبزادی التجا مفتی کو انتظامیہ کے نام اجازت طلب کرنے کے لئے مکتوب ارسال کرنے کے باوصف بھی مزار پر حاضر ہونے کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی پارٹی کے دیگر چوٹی کے لیڈروں کو مزار پر حاضر ہونے کی اجازت دی گئی۔
قابل ذ کر ہے کہ نیشنل کانفرنس کے بانی اور سابق وزیر اعلیٰ شیخ محمد عبداللہ کے یوم پیدائش پر بھی 5 دسمبر کو ان کے مزار واقع درگاہ حضرت بل پر امسال اجتماعی فاتحہ خوانی کا بندوبست نہیں ہوا۔
پی ڈی پی کے سٹیٹ سکریٹری آرگنائزیشنز عبدالحمید کوشین نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سری نگر میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر پر منگل کے روز مرحوم مفتی کی برسی کی مناسبت سے ایک اجتماع کا اہتمام ہوا جس میں قریب ڈیڑھ سو کارکنوں نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ اجتماع میں مرحوم مفتی سعید کے کارناموں اور سیاسی سرگرمیوں پر سیر حاصل روشنی ڈالی گئی اور مرحوم لیڈر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
کوشین نے کہا کہ پارٹی کے بڑے لیڈروں کو اجتماع میں بھی شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ مین اسٹریم سیاسی جماعتوں سے وابستہ وادی کے بیشتر لیڈران بشمول تین سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی مسلسل خانہ نظر بند ہیں۔
پی ڈی پی کے بانی اور سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی سعید کو جہاں ایک طرف وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے پہلے مرکزی وزیر داخلہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے وہیں آپ نے سال 2015 میں بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملا کر مخلوط حکومت کا قیام عمل میں لایا تھا۔
مفتی محمد سعید 7 جنوری 2016 کو نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ اس وقت جموں وکشمیر میں پی ڈی پی - بی جے پی مخلوط حکومت کی بحیثیت وزیر اعلیٰ قیادت کررہے تھے۔ محبوبہ مفتی کے والد مرحوم مفتی محمد سعید کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا کہ وہ ملک کے پہلے مسلم وزیر داخلہ بنائے گئے تھے۔