موسم ابرآلود رہنے کی وجہ سے وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی۔ تاہم سیاحتی مقامات میں شبانہ اور دن میں سردیوں کا قہر جاری ہے۔
محکمہ موسمیات (ایم ای ٹی) کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں 2 اور 3 فروری کے درمیان ہلکی برف باری اور بارش کا امکان ہے۔ 4 فروری کے بعد موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا۔'
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ دو روز قبل سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
بتادیں کہ قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاح مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔