جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے مضافاتی علاقے لاوے پورہ میں بدھ کے روز تصادم میں ہلاک کیے گئے مبینہ عسکریت پسندوں کے لواحقین نے پولیس اور انتظامیہ سے ان کے بیٹوں کی لاشیں واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہلاک شدہ افراد کے لواحقین نے آج برفباری کے بیچ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے آ کر سرینگر کی پریس کالونی میں احتجاج کیا۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ 'ان کے بیٹوں کی لاشوں کو ان کے سپرد کیا جائے تاکہ وہ اپنے آبائی قبرستانوں میں ان کی آخری رسومات انجام دے سکیں۔'
غور طلب ہے کہ ان تینوں نوجوانوں اعجاز احمد گنائی، اطہر مشتاق وانی اور زبیر احمد لون کی لاشوں کو پولیس نے پلوامہ سے 125 کلومیٹر دور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے سونہ مرگ میں دفن کیا ہے۔