وادی میں عالمی سنیما لانے کے لیے کشمیر ورلڈ فلم فسٹیول (کے ڈبلیو ایف ایف) کا پانچواں ایڈیشن کووڈ وبائی امراض کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے۔
کشمیر ورلڈ فلم فسٹیول کے ڈائریکٹر مشتاق علی احمد خان نے کہا کہ ' سات روز تک جانے والے والا یہ فیسٹیول ٹیگور ہال میں رواں ماہ شروع ہونے والا تھا لیکن اب یہ میلہ اگلے سال تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ یہ میلہ جنوری تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ کووڈ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اب جنوری میں اس سے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔'
یہ بھی پڑھیں
مشتاق علی احمد خان نے کہا کہ ' اگر صورتحال سازگار اور معمول کے مطابق رہی تو ہم اپریل 2021 میں میلے کے 5 ویں ایڈیشن کا اہتمام کریں گے ۔'
پہلا کشمیر ورلڈ فلم فسٹیول جولائی 2017 میں منعقد ہوا تھا۔ اس کے بعد ہر سال یہ فسٹیول سرینگر کے ٹیگور ہال میں منعقد ہوتا ہے۔ بالی وڈ کی سینیئر اداکارہ تبو، مشہور ہدایت کار مدھر بھنڈارکر، راجو چڈھا، راہل متھرا، سید مرزا، گووند نہلانی، ارجمن مغل، راہل بھٹ، عمران خان کے علاوہ کئی بڑے بالی وڈ اسٹارز اس فیسٹیول میں شرکت کر چکے ہیں۔
فسٹیول کے پچھلے چار ایڈیشنز نے فلمی شائقین کو خوشی دلائی تھی کیونکہ یہاں کوئی سینما ہال نہیں ہیں۔ وادی میں 30 برس قبل عسکریت پسندی اور پرتشدد ماحول کے بعد سنیما ہال بند کر دیئے گئے تھے۔