اردو

urdu

ETV Bharat / state

کشمیر: سنڈے مارکیٹ نامعلوم وجوہات کی بناء پر بند

کشمیر انتظامیہ نے اتوار کے روز یہاں نامعلوم وجوہات کی بناء پر مشہور سنڈے مارکیٹ میں ریڑہ بانوں کو اپنا سامان سجانے اور فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اس طرح سستی خریداری کے لئے مشہور یہ مارکیٹ مسلسل دوسرے اتوار کو بھی بند رہا۔

By

Published : Feb 16, 2020, 6:53 PM IST

Updated : Mar 1, 2020, 1:22 PM IST

کشمیر: سنڈے مارکیٹ کو نامعلوم وجوہات کی بناء پر بند رکھا گیا
کشمیر: سنڈے مارکیٹ کو نامعلوم وجوہات کی بناء پر بند رکھا گیا

اتوار کی صبح جب سینکڑوں ریڑہ بان اپنا سامان فروخت کرنے کے لئے ٹی آر سی کراسنگ سے تاریخی لال چوک تک لگنے والے سنڈے مارکیٹ پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود جموں وکشمیر پولیس کے اہلکاروں نے انہیں ڈیرہ لگانے کی اجازت نہیں دی۔

کشمیر: سنڈے مارکیٹ کو نامعلوم وجوہات کی بناء پر بند رکھا گیا

تاہم ریڑہ بانوں کو ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ سے بتہ مالو تک کے حصے میں اپنا سامان سجانے اور فروخت کرنے کی اجازت دی گئی۔ وادی کے اطراف و اکناف سے جو لوگ سنڈے مارکیٹ خریداری کے لئے آئے تھے کو یہ مارکیٹ بند رہنے کی وجہ سے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، بتہ مالو اور ڈل گیٹ جیسے علاقوں کا رخ کرنا پڑا۔

سنڈے مارکیٹ میں ہر اتوار کو اپنا سامان فروخت کرنے والے ریڑہ بانوں کے ایک گروپ نے بتایا کہ وہ جب اتوار کی صبح یہاں پہنچے تو پہلے سے موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں یہ کہتے ہوئے واپس جانے کے لئے کہا کہ 'سنڈے مارکیٹ کو آج بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے'۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے سنڈے مارکیٹ کو ظاہری طور پر اس وجہ کی بناء پر بند رکھا کیونکہ حریت کانفرنس (گ) چیئرمین اور بزرگ علاحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کی صحت کے متعلق افواہیں گردش کررہی ہیں۔

بتادیں کہ سرینگر کے سول لائنز میں ٹی آر سی کراسنگ سے تاریخی لال چوک تک ہر اتوار کو سنڈے مارکیٹ لگتا ہے جس میں سینکڑوں ریڑہ بان ضرورت زندگی کی مختلف چیزیں بالخصوص ملبوسات سستے داموں فروخت کرتے ہیں۔

گزشتہ اتوار کو یہ مارکیٹ محمد افضل گورو جنہیں سنہ 2001ء کے پارلیمنٹ حملہ کیس میں مجرم قرار دیکر 9 فروری 2013 ءکو دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی، کی ساتویں برسی کے موقع پر بھی بند رہا۔ تب جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ جس کو گزشتہ برس مرکزی حکومت نے کالعدم تنظیم قرار دیا اور جس کے چیئرمین محمد یاسین ملک گزشتہ قریب ایک سال سے دلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں، کے علاوہ میراعظ مولوی عمر فاروق کی قیادت والی حریت کانفرنس نے ہڑتال کی کال دی تھی۔

Last Updated : Mar 1, 2020, 1:22 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details