کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ضلع انتظامیہ اننت ناگ کی جانب سے اور ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ضلع میں مرحلہ وار طریقہ سے قصابوں، بیکری والوں، سبزی فروشوں اور صحافیوں کا کووڈ ٹیسٹ کیا جائے گا۔
صحافیوں کی کووڈ جانچ کی جائے گی صحافت کے پیشہ سے وابستہ افراد نے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔
اننت ناگ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر تصدق رشید نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے تحفط کو یقینی بنانے کے لئے یہ ایک مفید پہل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ عام لوگ خود کو وبا سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنے گھروں میں قیام کرتے ہیں، تاہم صحافیوں کو اپنی جان جوکھم میں ڈال کر وبائی صورتحال میں بھی اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کے لئے روزانہ باہر آنا پڑتا ہے، جس دوران سرگرم صحافی ذہنی طور مختلف خدشات میں دوچار ہو رہے ہیں۔
ایسی صورتحال میں صحافیوں کی جانچ کرنے کا فیصلہ ایک خوش آئند قدم ہے۔
انہوں نے ایسوسی ایشن کے تمام ممبران کو 6 جون کو اپنا ٹیسٹ کرانے کے لئے تیار رہنے کی اپیل کی۔