وادی کے بیشتر علاقوں میں بارش کی وجہ سے سیب کاشتکار بے حد خوش نظر آرہے ہیں جبکہ دھان کی فصل کٹائی سے وابستہ کسان اس وجہ سے مایوس نظر آ رہے ہیں۔
کشمیر میں بارش: کہیں خوش کہیں اداسی اگرچہ گزشتہ شام تک موسم مکمل خشک اور بادل صاف ہونے کی وجہ سے بارش کے آثار نظر نہیں آ رہے تھے۔ تاہم دوران شب اچانک بارش ہوئی جو آج صبح تک جاری رہی۔
بارش کی وجہ سے میوہ صنعت خصوصاً سیب سے جڑے کاشتکاروں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'اس موسم میں بارش سیب کے لیے کافی مفید ہے۔'
ان کا کہنا ہے کہ 'سیب درختوں پر مکمل پک چکے ہیں اور اس وقت کی بارش سے سیبوں کی چمک اور رنگ میں اضافہ ہوگا جس کی وجہ سے انہیں کافی فائدہ حاصل ہونے کی امید ہے۔'
دوسری جانب دھان کی کٹائی کا موسم بھی عروج پر ہے اور موسمی تبدیلی اور بارش کی وجہ سے فصل کٹائی کی سرگرمیوں پر کافی اثر دیکھنے کو مل رہا ہے جس کی وجہ سے دھان سے وابستہ کسان مایوس نظر آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 'بارش کی وجہ سے انہیں نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔'
وادیٔ کشمیر میں طویل خشک موسم کے بعد رحمت باراں سے جہاں سیب کاشتکاروں نے مسرت کا اظہار کیا ہے وہیں عوام بھی موسمی تبدیلی کی وجہ سے خوش ہیں۔