منڈی:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کےضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ اڑائی کٹھہ تا محلہ شیخاں چار کلو میٹر لمبی سڑک کی حالت خستہ حال ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے سڑک کی جلد سے جلد مرمت کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس حوالے سے سرپنچ محمد اسلم تانترے, سماجی کارکن شکیل احمد پرے سمیت دیگر مقامی باشندوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014 میں بادل پھٹنے کے سبب سڑک بہہ گئی تھی۔ جس کے بعد محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر اہتمام اڑائی کٹھہ تا محلہ شیخاں چار کلو میٹر سڑک کا کام شروع کیا گیا تھا جو کہ آج تک نامکمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑک کی حالت اس قدر خراب ہے کہ لوگوں کے لیے گاڑیوں پر سفر کرنا کسی خطرے سے خالی نہیں ہے۔ اگرچہ بارہا انتظامیہ کے نوٹس یہ معاملہ لایا بھی گیا۔ تاہم باوجود اس کے ابھی تک سڑک کی اس خستہ حالی جانب نے کسی نے بھی توجہ نہیں دی ہے، جس کی وجہ سے شدید بارشوں اور نالے کے تیز بہاو نے اس سڑک کو بلکل ناکارہ بنا دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہرسال یہاں سڑک پر ڈنگے اور کریٹس لگانے کے لیے مٹیریل ڈال کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جاتی ہے۔ لیکن وہ سامان سڑک پر پڑے پڑے ہی خراب ہو جاتا ہے۔