ملکی و غیر ملکی یونیورسٹیز میں داخلے کے خواہشمند طلبا اور روزگار ڈھونڈنے میں مصروف نوجوانوں کو آن لائن فارم جمع کرنے کے لیے جموں یا ملک کی دوسری ریاستوں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔ پیشہ ور افراد کی ایک بڑی تعداد جن کا کام کاج انٹرنیٹ پر منحصر ہے، پہلے ہی کشمیر چھوڑ کر چلے گئی ہے۔
وادی کے سبھی دس اضلاع میں مواصلاتی خدمات گذشتہ 30 روز سے معطل ہیں۔ اگرچہ وادی کے بیشتر قصبوں میں لینڈ لائن فون خدمات بحال کی جاچکی ہیں۔ تاہم سرینگر کے لال چوک اور پائین شہر میں یہ خدمات ہنوز معطل ہیں۔
حکومت کے ترجمان روہت کنسل کا کہنا ہے کہ 'سرینگر میں میڈیا دفاتر کے فون و انٹرنیٹ کنکشن بحال کرنے کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔'
موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی بھر میں منگل کے روز مسلسل 30 ویں روز بھی دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت معطل رہی۔ تاہم سری نگر کے سول لائنز و بالائی شہر اور مختلف اضلاع کو سری نگر کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر بڑی تعداد میں نجی گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔