سرینگر کے پریس کالونی میں جموں و کشمیر ایمپلا ئیز یونائیٹڈ فرنٹ کے کارکنان کی جانب سے مختلف محکموں میں 61000 سے زائد عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے مطالبہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے فرنٹ سربراہ محمد رفیق راتھر نے کہا کہ 1994ء سے لے کر اب تک نامساعد حالات، تباہ کن سیلاب اور عالمی وبا کورنا وائرس کے دوران عارضی ملامین نے مستقل ملازمین کے شانہ بہ شانہ اپنی خدمات انجام دیں، مگر انہیں قلیل تنخواہیں دی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکام کی جانب سے متعدد دفعہ یقین دہانی اور اعلانات کے باوجود ابھی تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے۔ اس کے سبب 61000 سے زائد خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہیں اور کسمپرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں۔