لوگوں کی دہلیز پر موثر پبلک ڈیلوری سروس فراہم کرنے کے ایک اور اقدام میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں محکمۂ ٹرانسپورٹ کی 12 آن لائن خدمات کا آغاز کیا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے عوام کو فراہم کی جانے والی مختلف خدمات کو واضح کرنے کے لیے محکمہ کی ای بک کا بھی آغاز کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے محکمۂ ٹرانسپورٹ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرانک سروس کی فراہمی کے اس اقدام سے محکمہ کے اہلکار شفاف اور جوابدہ انداز میں عوام کو پریشانی سے آزاد خدمات کو یقینی بنانے کے ساتھ عوامی سطح پر انٹرفیس میں کمی لائیں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ 'ہم نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شفاف نظم و نسق کا ایک نیا دور متعارف کرایا ہے۔'
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پبلک ڈلیوری سسٹم کو آسان بنانے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ 'آن روٹ پرمٹ' یا 'لرنرز لائسنس حاصل کرنے' جیسی خدمات بھی ان آن لائن شروع ہونے سے بہت آسان ہوجائیں گی۔ جموں و کشمیر کے آٹوموبائل ڈیلرز کے تجارتی سرٹیفکیٹ کے اجراء اور تجدید کو بھی آن لائن موڈ کے ذریعے شفاف اور آسان بنایا گیا ہے۔