جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع سے جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ پر کئی مقامات پر لوگ اپنی گاڑیاں دھو رہے ہیں جسکی وجہ سے یہ تاریخی روڈ خستہ حالی کا شکار ہوتی جارہی ہے۔
سڑکوں کی خستہ حالی کے لیے کیا عوام بھی ذمہ دار ہے؟ محکمہ مغل روڈ نے اگرچہ ان مقامات پر سائن بورڈز نصب کئے ہیں جن پر لوگوں سے کہا گیا ہے کہ سڑکوں پر گاڑیاں نہ دھوئیں مگر اسکے باوجود بھی سینکڑوں کی تعداد میں روزانہ لوگ یہاں پر گاڑیاں دھوتے ہیں جنکے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوتی ہے۔
سڑکوں پر گاڑیاں دھونے کی وجہ سے ان مقامات پر سڑکوں میں بڑے بڑے شگاف بنے ہوئے ہیں اور سڑکوں پر دن بھر پانی جمع رہتا ہے جسکی وجہ حادثات ہونے کے خطرے زیادہ رہتے ہیں خدانخواستہ اگر اس روڈ پر کوئی جان لیوا حادثہ پیش آئے تو کون ذمہ دار ہوگا حکومت یا لوگ؟۔
اس حوالہ سے ایکزیکٹیو انجینئر محکمہ مغل روڈ ڈویژن درشن کمار کیتھ سے جب ای ٹی وی بھارت نے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ ہم نے روڈ پر سائن بورڈز نصب کئے ہیں اور اب جو بھی سڑک پر خلاف ورزی کرتا ہوا پایا جائیگا اسکے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔
لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ ایسے کاموں سے باز آجائیں سڑکوں پر گاڑیاں نہ دھوئیں کیونکہ سڑکیں بہتر رہینگی تو ہمارا مستقبل بھی بہتر رہےگا اور حکومت اور ضلع انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اگر کوئی شخص ایسا کرتا ہے تو انکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے کیونکہ کسی کو بھی یہ حق نہیں ہے کہ وہ سڑکوں پر ایسا کچھ کرے جسکی وجہ سے کسی کی جان کو خطرہ ہو۔