جموں:بارش کے باعث جموں کے سب سے بڑے دریا چناب کے پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے سرحد کے قریب گھرخال علاقے میں دریائے چناب کے کنارے پر بند ٹوٹ گیا ہے جس کے بعد دریائے چناب کا پانی گھرخال کے علاقے میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ دریائے چناب میں دریا کے کنارے بنے کئی مکانات بھی ڈوب گئے ہیں۔ آج صبح بھی دریائے چناب کے کنارے بنایا ہوا مکان پانی کے بہاؤ سے دیکھتے ہی دیکھتے گر گیا۔ خوش قسمتی سے انتظامیہ نے پہلے ہی دن مکانات خالی کرا لیے تھے۔
تاہم دوسری جانب بند ٹوٹنے سے دریا کے کنارے کے کئی گھر تاحال پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، اس علاقے میں بڑی تعداد میں گجر برادری کے لوگ رہتے ہیں، جن کے پاس سینکڑوں جانور ہیں، ایسی صورتحال میں انسانوں اور جانوروں دونوں کو ایک بڑے خطرے کا سامنا ہے۔ انتظامیہ نے اپنے طور پر لوگوں کو واپس جانے کو کہا ہے لیکن فی الحال مکمل طور پر رہنے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔