اس پروگرام کا آغازجموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے دور دراز علاقوں سے کیا گیا۔
"ایک دن اسکولی طلبا کے ساتھ" ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیرمحمد یونس ملک نے حال ہی میں ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست کے سرکاری اسکولوں میں جاکر بچوں کے ساتھ پورا دن گزاریں گے تاکہ اسکولوں میں پیش آنے والے مسائل کا قریبی سے جائزہ لیا جاسکے۔
اس حکمنامے کے مطابق ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیرسمیت باقی افسران بھی وادی کے دور دراز اسکولوں میں صبح سے لے کر شام تک ہونے والی سبھی سرگرمیوں میں شامل ہوں گے۔
محمد یونس ملک کے مطابق پیر سے اس حکمنامہ پر باقاعدہ عمل ہوگا اور طلبا کے ساتھ دن بھر رہ کر ان کی پریشانیوں سے واقفیت حاصل کی جاسکے۔
انہوں نے آج وسطی ضلع گاندربل کے کئی گورنمنٹ اسکولوں میں جاکر طلبا کے ساتھ اسکولی نطام کا قریبی سے جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے پہلی بار ایسا قدم اٹھایا جارہا ہے جس پر اسکولی طلبا کے ساتھ ساتھ والدین بھی خوش نظر آ رہے ہیں۔
اسکولی طلبا کے والدین اور مقامی لوگوں نے کہا کہ اس کوشش سے بچوں اور اعلی افسران کے بیچ کی دوری کو ختم کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے اس قدم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں اگر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن اس کوشش کو جاری رکھیں گے تو وہ اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کوششیں رہیں تو وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں ضرور داخل کرائیں گے۔