بانڈی پورہ کے ضلع ہسپتال میں ڈاکٹرز نے کورونا وائرس سے متاثرہ حاملہ خاتون کا آپریشن کر کے نوزائیدہ بچہ اور ماں دونوں کی جان بچا لی۔
یہ جموں و کشمیر کے اندر اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جو شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع ہسپتال میں پیش آیا۔
ڈاکٹرز نے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار کیے بغیر درد زہ میں مبتلا ایک خاتون کا ایمرجنسی آپریشن کر کے زچہ و بچہ دونوں کی جان بچائی۔
حالاںکہ اس خاتون کا ٹیسٹ بعد میں مثبت آیا اور یوں ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دو لوگوں کی جان بچائی۔
کہا جارہا ہے کہ بانڈی پورہ کے تکیہ احمد شاہ نامی علاقے سے تعلق رکھنے والی حاملہ خاتون کو جب ہسپتال لایا گیا تو اس وقت ان کی اور بچہ کی حالت انتہائی خراب تھی اور انہیں سرینگر منتقل کرنا مشکل تھا۔