اننت ناگ:جنوبی کشمیر میں اننت ناگ آبادی اور رقبہ کے لحاظ سے ایک وسیع ضلع ہے، یہی وجہ ہے کہ اس ضلع کو جنوبی کشمیر میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ اننت ناگ ضلع کا ایک بڑا حصہ مرکزی مارکیٹ کی حدود میں آتا ہے، تاہم ستم ظرفی ہے کہ اس ضلع میں سبزی منڈی موجود نہیں ہے۔
سبزی منڈی کی عدم دستیابی سے اننت ناگ قصبہ میں کئی طرح کے مشکلات درپیش ہیں، ایک طرف سبزی فروخت کرنے والے ریڑھی والوں کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے۔ ریڑھی والے سڑک کے کناروں، پٹریوں، گلی کوچوں میں غیر قانونی طریقہ سے اپنی ریڑھی لگا کر نہ صرف راہگیروں کے لئے چلنا پھرنا دشوار بنا دیتے ہیں، بلکہ ٹریفک کی معقول نقل و حمل کو بھی متاثر کر دیتے ہیں اور بیشتر اوقات یہ عمل ٹریفک جام کا موجب بن جاتا ہے۔
وہیں سبزی منڈی نہ ہونے کے سبب قیمتیں اعتدال میں نہیں رہتی ہیں، کیونکہ مختلف مقامات پر موجود سبزی فروش صارفین کو مختلف قیمتوں پر سبزیاں فروخت کر رہے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ کئی مقامات پر سبزی فروش صارفین سے من مانی قیمتیں وصول کرنے سے بھی کتراتے نہیں ہیں۔