جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کورونا وائرس کو تیسری عالمی جنگ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ 'اگر میں روزانہ کے واقعات کا خلاصہ پیش کروں گا تو کشمیر میں کسی کو بھی نیند نہیں آئے گی۔ انہوں نے لوگوں کو انا چھوڑ کر مل جل کر کام کرنے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی صلاح دی ہے۔'
مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کافی سرگرم رہنے والے ڈاکٹر شاہد چودھری نے اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'یقین کریں اگر میں روزانہ کے واقعات کا خلاصہ پیش کروں گا تو کشمیر میں کسی کو بھی نیند نہیں آئے گی۔ آئیں اپنی انا کو ایک طرف رکھیں اور مل جل کر کام کریں۔ خوف وہراس کو بڑھانے کے بجائے ایک دوسرے کی مدد کریں۔ یہ تیسری عالمی جنگ ہے۔ اس سے کم نہیں۔ اگر اس سے نجات ملی تو ہمارے پاس بقیہ زندگی دوسری چیزوں کے لئے ہے'۔
ضلع مجسٹریٹ سری نگر کی اس ٹویٹ کو سوشل میڈیا بالخصوص ٹویٹر اور فیس بک پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا اور اکثر سوشل میڈیا صارفین نے موصوف سے اپنے ٹویٹ کا خلاصہ کرنے کی اپیل کی۔
ڈاکٹر شاہد چودھری نے قریب پانچ گھنٹے بعد اپنے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان تاثرات کا اظہار میں نے خالصتاً مسافروں کی طرف سے اسکریننگ سے بچنے، اپنی سفری ہسٹری چھپانے اور عدم تعاون کے تناظر میں کیا۔ ان کا کہنا تھا: 'ان تاثرات کا اظہار میں نے خالصتاً مسافروں کی طرف سے سکریننگ سے بچنے، اپنی سفری ہسٹری چھپانے اور عدم تعاون کے تناظر میں کیا۔ میں خوش ہوں کہ تبدیلی آرہی ہے۔'