وادی کشمیر میں اتوار کو معمول کے برعکس ملک کے 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر تمام مواصلاتی کمپنیوں کی موبائیل فون اور انٹرنیٹ خدمات زائد از 18 گھنٹوں تک معطل رکھی گئیں۔ وادی میں یوم جمہوریہ کے موقع پر صرف انٹرنیٹ خدمات ہی بند کی جاتی تھیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مواصلاتی خدمات کی معطلی کا قدم امن دشمن عناصر کی جانب سے مواصلاتی خدمات کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'معطلی کا مقصد یہ بھی تھا کہ کسی بھی طرح کی افواہوں کو پھیلنے سے روکا جائے'۔
وادی میں ہفتہ کو 174 دنوں کے بعد محدود اور مشروط ٹو جی رفتار والی موبائل انٹرنیٹ خدمات تو بعض انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرس نے بحال کی تھیں لیکن یوم جمہوریہ کے پیش نظر کچھ ہی گھنٹوں تک چالو رکھنے کے بعد پھر معطل کی گئی۔ وادی میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات 5 اگست 2019 سے لگاتار بند ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تمام مواصلاتی کمپنیوں کی خدمات اتوار کو شام کے وقت بحال کی گئیں۔