جموں کے عامل صحافیوں کے لئے انجمن اردو صحافت جموں و کشمیر کی جانب سے منعقدہ یک روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوران منگل کو مدرسین اور سینئر صحافیوں نے کہا کہ ہر ایک صحافی کو جدید صحافت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صحافت کو عصر حاضر میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ صحافیوں کو وقت وقت پر اپنے آپ کو ”اپ ڈیٹ “ کرنا ہوگا ۔
انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کی جانب سے ’گوجر چیر ٹیبل ٹرسٹ ،چھنی رما جموں‘میں صوبہ جموں کے عامل صحافیوں کے لئے یک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ میں جموں، پیر پنچال اور وادی چناب سے آئے ہوئے 55صحافیوں نے شرکت کی ۔’دورِ جدید میں صحافت کے بدلتے تقاضوں ‘کے عنوان سے ورکشاپ دو نشستوں پر منعقد ہوئی۔
پہلی نشست میں ’خبر نگاری ،صحافت کے ما عصر تقاضے اور درپیش چیلنجز ‘ کے موضوع پر سابق صحافی و مدرس شعبہ صحافت پرویز مجید نے مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں صحافیوں کو بدلتے تقاضوں سے خود کوہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجٹل یا ملٹی میڈیا کے آنے سے پوری دنیا میں صحافت کے تقاضے ہی مکمل طور پر بدل کر رہ گئے ہیں جبکہ پرنٹ میڈیا کو اس نئے تقاضے نے نیا چیلنج پیش کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحافت کے میدان میں آرہی نئی تبدیلوں کے پیش نظر پرنٹ والیکٹرانک صحافیوں کو خود متعلقہ بنانے کے لئے جدیدیت کے سانچے میں خود کو ڈالنا ہو گا اور وقت وقت کیساتھ خود کو ’اپ ڈیٹ ‘ کرنا ہوگا ۔
سابق صحافی و مدرس شعبہ صحافت پرویز مجید کا کہنا تھاکہ جو صحافی عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق خودکو نہیں ڈھالے گا، وہ موجودہ صحافتی دوڑ میں خود کوپیچھے ہی پائے گا ۔انہوں نے کہا ’ایک رپورٹر کو چھوٹی چھوٹی چیزوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے،خبر نگاری کے بنیادی اصولوں پر عمل پیرا ہونا اور خبر کی ترتیب اہمیت کی حامل ہے ‘۔