اردو

urdu

By

Published : Feb 1, 2021, 3:42 PM IST

ETV Bharat / state

سرینگر میں برف کی مہین چادر بچھ گئی لیکن شبانہ درجہ حرارت میں بہتری

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 3 فروری کو ہلکے سے درمیانی درجے کی برفباری ہو سکتی ہے۔ تاہم اس کے بعد موسم میں ایک بار پھر بہتری واقع ہونے کی امید ہے۔

سرینگر میں برف کی مہین چادر بچھ گئی لیکن شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع
سرینگر میں برف کی مہین چادر بچھ گئی لیکن شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع

تیس برسوں کے ریکارڈ کو توڑنے والی سردیوں کے ایک روز بعد پیر کی صبح جب گرمائی دارالحکومت سری نگر میں لوگ نیند سے اٹھے تو برف کی ایک مہین چادر بچھ گئی تھی جس سے سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے سے آمدورفت متاثر ہوئی۔

دریں اثنا وادی کشمیرمیں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردی سے قدر راحت نصیب ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کا تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔

بتادیں کہ قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔

وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

وادی میں پیر کے روز موسم خشک مگر ابرآلود رہا جبکہ گرمائی دارالحکومت اور دیگر کچھ علاقوں میں جب لوگ صبح کو نیند سے اٹھے تو برف کی ایک مہین چادر بچھ گئی تھی جو دن آگے بڑھنے کے ساتھ غائب تو ہوئی لیکن صبح کے وقت ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل میں رکاوٹ کا باعث بن گئی۔

وادی میں جاری سردیوں سے آبی ذخائر اور گھروں میں نصب نل اور پانی کی ٹنکیوں میں پانی کے جم جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وادی میں نلوں میں پانی جم جانے کا سلسلہ جاری رہنے سے پینے کے پانی نے بحرانی صورتحال اختیار کی ہے اور لوگوں، خاص کر خواتین کا پانی کی تلاش میں گھروں سے ٹھٹھرتی سردی میں نکلنا اب ایک معمول بن گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 3 فروری کو ہلکے سے درمیانی درجے کی برفباری ہوسکتی ہے۔ تاہم اس کے بعد موسم میں ایک بار پھر بہتری واقع ہونے کی امید ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details