سرینگر: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے سرینگر میں واقع ٹائیگورہال میں دو روزہ"TIFFS"دی انٹرنیشنل فلم فیسٹول آف سرینگر کے دوسرے ایڈیشن کا باضابطہ آغاز ہوا۔ دو روز تک جاری رہنے والے اس فلم میلے میں درجنوں فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ یہ فیسٹول وومید رنگمنچ نام غیر سرکاری ثقافتی گروپ کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
فلم فیسٹول کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز نے سیکریٹری کلچرل اکیڈمی بھارت سنگھ منہاس، بالی ووڈ کے مشہور پروڈیوسر اور ڈاریکٹر بی سبھاش، راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری اور چیف سپوکس پرسن سنجے صراف اور زیشٹھادیوی پربندھک کمیٹی کے پریزیڈنٹ بھارت بھوشن کی موجودگی میں کیا گیا۔
فلم فیسٹول کا آغاز میں مقامی اداکاروں کو ریڈ کارپٹ پر چلنے کا موقع فراہم کرکے ان کی عزت افزائی کی گئی۔ "TIFFS" نام کے اس دو روزہ فلم میلے میں چار درجن کے قریب ملکی و غیر ملکی فلموں کی نمائش ہوگی جن میں دستاویزی فلموں کے علاوہ مختصر فلمیں، ڈاکومنٹریز اور میوزک ویڈیوز بھی شامل ہوں گی۔ میلہ کے پہلے روز ساوتھ افریقہ، فرانس، جاپان اور اٹلی کے علاوہ کئی دیگر ممالک کی فلموں کی نمائش کی گئی۔